شاہد آفریدی نے بنگلادیشی کپتان مشفیق الرحیم کا بیٹ خرید لیا

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بنگلادیش کے سابق کپتان مشفیق الرحیم کا بیٹ خرید لیا۔

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفیق الرحیم اپنا بیٹ نیلام کر رہے تھے جسے شاہد آفریدی نے 20 ہزار امریکی ڈالرز میں خرید لیا۔مشفیق الرحیم نے اپنی اور بنگلا دیش کی پہلی ڈبل سنچری کا بیٹ نیلامی میں پیش کیا تھا۔مشفیق الرحیم نے اپنا بیٹ بنگلا دیش میں کورونا کے متاثرین کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے کے لیے نیلام کیا تھا

سابق کپتان شاہد آفریدی نے بیٹ خریدنے کے بعد ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں مشفیق الرحیم کو کہا ہے کہ مشفیق آپ اپنے لوگوں کیلئے زبردست کام کر رہے ہیں، ایسے کام اصلی ہیروز کرتے ہیں، ہم سب بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، اس وقت ہمیں ایک دوسرے کی ضرورت ہے، بنگلا دیش میں مجھے جو پیار ملا ہے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی میوزیم نے اظہرعلی کا بیٹ خرید لیا

شاہدٓفریدی نے مزید کہا کہ پاکستانیوں اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی طرف سے آپ کا بیٹ خرید کر میں آپ کے سفر کا حصہ بننا چاہتا ہوں، ہم اس بیماری سےجلد نجات پائیں گے اور کرکٹ کے میدان میں ملیں گے۔
مشفیق الرحیم نے شاہد آفریدی کا یہ پیغام اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شئیر کرتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔