سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار کر دیا

کراچی: وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں ٹرانسپورٹ ابھی نہیں کھول سکتے،جبکہ وزیراعظم عمران خان نے صوبوں سے ٹرانسپورٹ کھولنے کی اپیل کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ نہ کھولنے کی بڑی وجہ کورونا کیسز میں اضافہ ہے، ایس او پیز پر کوئی بھی عمل نہیں کررہا، وزیراعظم نے بھی اعتراف کیا ہےکہ لوگ ایس او پیز پر عمل نہیں کررہے ہیں۔

اویس شاہ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی میں بحث ہونی چاہئے تھی، وزیراعظم کے حکم کا احترام کرتے ہیں لیکن ٹرانسپورٹ نہیں کھول سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایس او پی کے باوجود فیکٹری مالکان اور تاجروں سمیت کوئی بھی عمل نہیں کررہا، وزیراعظم مل کر کام کریں، صوبوں کو وزیراعظم کی مدد کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے پرکوئی پیش رفت نہیں ہوئی، ایس او پیز کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی جائے۔