فردوس عاشق اعوان وزارت کے لیے کبھی بھی اہل نہیں تھی،انہوں نے وزارت کیسے حاصل کی،فواد چوہدری نے بتا دیا

اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فردوس عاشق اعوان اس وزارت کی اہل نہیں تھیں انہوں نے لابنگ کے ذریعے وزارت حاصل کی تھی۔

فواد چوہدری نے ایک انٹرویومیں کہا کہ فردوس عاشق اعوان اس عہدے کی کبھی بھی اہل نہیں تھیں، اس وزارت کوسنبھالنا آسان نہیں کیونکہ یہ ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے، ان کو بہت پہلے ہٹا دینا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت توحاصل کرلی تھی پروہ اسے چلا نہیں سکیں جس کا پارٹی سمیت وزیراعظم آفس کو بہت نقصان ہوا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات میں عاصم سلیم باجوہ کی شمولیت سے وزیراطلاعات شبلی فرازکو مدد ملے گی کیونکہ عاصم سلیم باجوہ کومیڈیا کے حوالے سے سارے کام آتے ہیں۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے حفاظتی کٹس برآمد کرے گا۔ پاکستان ایک سال میں میڈیکل کے شعبے میں اتنا خود کفیل ہوجائے گا کہ ونٹیلیٹرز سمیت دیگر میڈیکل ڈیوائسزبرآمد کرنے کی پوزیشن میں ہوگا اور اب حفاظتی کٹس اورہینڈ سینیٹائزرمیں اتنے خود کفیل ہوچکے ہیں کہ کابینہ نے برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وینٹی لیٹرزسے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک سال کے اندر وینٹی لیٹرزبرآمد کر سکے گا، وینٹیلیٹرز کے 58 ڈیزائین موصول ہوئے جس میں سے 13 شارٹ لسٹ کیے گئے اور اب سات ڈیزائنز لائسنسنگ کے مرحلے میں ہیں