کورونا کا مریض صحتیاب ہو کر دوبارہ کورونا سے متاثر نہیں ہو سکتا، جدید تحقیق آ گئی

جنوبی کوریا : ماہرین صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ مہلک کورونا وائرس کا مریض ایک بار صحتیاب ہونے کے بعد دوبارہ وائرس کا شکار نہیں ہوسکتا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس نے دنیا بھر میں لاکھوں انسانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے وجہ سے ہر طرف شدید خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے تاہم ڈاکٹروں کی محنت کے باعث 10 لاکھ سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے ماہرین صحت نے ایک تحقیق کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا مریض دوبارہ اس وبا کا شکار نہیں ہوسکتا، یہ تحقیق اس شک کے بعد کی گئی ہے جس میں یہ خدشہ تھا کہ جنوبی کوریا، جاپان اور چین میں کرونا سے صحتیاب ہونے والے افراد دوبارہ اس وائرس کا شکار ہورہے ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا تھا صحت مند افراد میں دوسری بار مہلک وائرس کی تشخیص ٹیسٹنگ کی خرابی کا نتیجہ ہے، دوبارہ ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی وجہ جسم میں موجود وائرس کے غیر موثر ٹکڑے ہیں اور یہ ٹکڑے روائتی ٹیسٹ میں پکڑ میں بھی نہیں آتے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 36 لاکھ 86 ہزار سے زائد ہوچکی ہے اور صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 20 ہزار ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 55 ہزارسے تجاوز کرچکی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت