آسٹریلیا نے آدھا درجن کھلاڑیوں کے چھٹی کروا دی

سڈنی: آسٹریلیا نے نئی کنٹریکٹ لسٹ سے آدھا درجن تجربہ کار کرکٹرز کی چھٹی کردی جب کہ عثمان خواجہ اور شان مارش بھی مایوس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل نئی سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ کا اعلان کردیا، جس میں آل راؤنڈر مچل مارش کی واپسی ہوئی تاہم بڑے بھائی شان مارش اور ٹاپ آرڈر بیٹسمین عثمان خواجہ جگہ نہیں بنا سکے، مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا، دیگر معاہدے نہ پانے والے پلیئرز میں پیٹرز ہینڈکومب، مارکس اسٹوئنس، ناتھن کولٹر نیل اور مارکس ہیرس موجود ہیں۔

آسٹریلیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ، انگلینڈ میں میچز سمیت مستقبل قریب کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے سفید بال کی کرکٹ کے اسپیشلسٹس کو ترجیح دی ہے، حسب توقع مڈل آرڈر بیٹسمین مارنس لبوشین کا بھی انتخاب ہوا جبکہ فہرست میں شامل ہونے والے دیگر کھلاڑی جوئے برنز، ایشٹون ایگر، کین رچرڈسن اور میتھیو ویڈ ہیں۔