واٹس ایپ پر اب ایک وقت میں آٹھ لوگ ویڈیو کال کر سکیں گے

سان فرانسسكو: واٹس ایپ نے اپنے پلیٹ فارم پر اب چار کی بجائے آٹھ افراد کے درمیان ویڈیو کالنگ یا کانفرنس کا آپشن پیش کردیا ہے۔

اس سے قبل واٹس ایپ اور فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ نے گزشتہ ہفتے اس کی آزمائش کی تھی جس کےبعد باضابطہ طور پر واٹس ایپ ویڈیو میں ایک وقت میں شرکا کی تعداد 8 کردی گئی ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق کووڈ 19 کی عالمی وبا کے باعث دوست، عزیز اور قرابت دار ایک دوسرے سے دور ہیں اور اس کے بعد واٹس ایپ پر وائس اور ویڈیو کال میں تیزی آئی ہے۔ اس ضمن میں گروپ کالنگ بہت مفید ہے کیونکہ ایک وقت میں بہت سے لوگ باہم مل کر بات چیت کرسکتے ہیں۔ اسی وجہ سے اب شرکا کی تعداد بڑھا کر 8 تک کردی گئی ہے