پاک فورسز کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک، دو سپاہی شہید

شمالی وزیرستان : سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کرکے 9 دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کر لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے خیسولہ اور دوسالی میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران مقابلے میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے ، ایک کو حراست میں لے لیا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید اور 5 زخمی ہوئے


آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لانس نائیک عبدالوحید اور سپاہی سکوم داد شامل ہیں۔لانس نائیک عبدالوحید شہید کی عمر29 سال اور تعلق مظفرآباد کے علاقے راج کنڈی سے تھا، لانس نائیک عبدالوحید کے لواحقین میں زوجہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔سپاہی سکوم داد شہید کی عمر33 سال اور تعلق چھانگلہ گلی ایبٹ آباد سے ہے، سپاہی سکوم داد کے اہلخانہ میں زوجہ، ایک بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے کی سرچنگ کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔