ثنا‏ء میر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا

پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے کرکٹ کو الوداع کہتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ثنا میر اپنے 15 سالہ شاندار کرکٹ کیریئر کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی جبکہ 2009 سے 2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔ اپنے ایک روزہ کرکٹ کیریئر کا آغاز دسمبر2005، کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جبکہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔ 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1630 رنز بنائے جبکہ 106 ٹی ٹونٹی میچوں 89 وکٹیں اور 802 رنز بنائے

ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر ثناء میر کا کہنا تھا کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں جس نے انہیں 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔
ثناء میر نے کہا کہ وہ سپورٹ اسٹاف، کھلاڑیوں، گراؤنڈ سٹاف اور ہر اس فرد کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے پس پردہ رہ کر ان کی کامیابی اور ویمنز کرکٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اہلخانہ اور مینٹورز کا بھی شکریہ ادا کرتی ہیں جن کے تعاون نے انہیں عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی سے متعلق خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر اپنے ڈیپارٹمنٹ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی بھی مشکور ہیں جنہوں نے پورے کیرئیر میں ان کا ساتھ دیا اور اگر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ جاری رہتی ہے تو وہ اس کے ساتھ کام کرتی رہیں گی۔
ثناء میر نے کہا کہ گذشتہ چند مہینوں نے انہیں سوچنے کا بھرپور موقع فراہم کیا اور ان کے نزدیک زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی بہترین وقت ہے۔ انہیں یقین ہے کہ وہ ملک اور کھیل کے لیے بہترین کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہیں