شاہد خاقان، مریم اورنگزیب اور شیخ رشید میں بھی کورونا کی تشخیص ہو گئی

اسلام آباد: پاکستان کے معروف سیاستدانوں میں بھی کورونا کی تشخیص ہو گئی۔ مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب اور وزیر ریلوے شیخ رشید کورونا کا شکار ہو گئۓ۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے اپنا ٹیسٹ کروایا تھا جو کہ مثبت آیا، اس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔


دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ نے کورونا ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان مسلم لیگ ن کا قیمتی سرمایہ ہیں، شاہد خاقان ایماندار، قوم کا درد رکھنے والے اور وفا دار انسان ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کورونا کی بڑھتی اوئی تعداد نے ملک میں خوفناک صورت حال پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے اللہ سے دعا کرتے ہوئے کہا شاہد خاقان سمیت تمام متاثرہ افراد جلد صحتیاب ہوں۔

دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔ شیخ رشید نے بتایا ہے کہ انہیں کورونا کی کوئی بھی علامات ظاہر نہیں ہوئیں تا ہم انہوں نے طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے 2 ہفتے کے لیے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں کورونا نے ایک پاکستانی ڈاکٹر کی جان لے لی

واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک 1 لاکھ 3 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2 ہزار 67 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔