دادی کے ڈانٹنے پر دس سالہ بچے نے خود کشی کر لی

قاہرہ: دادی نے دس سالہ بچے کو دوستوں کے سامنے ڈانٹا جس پر دلبرداشتہ ہو کر بچے نے خود کو لٹکا کر خودکشی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق مصر کے علاقع الدقھیلہ کے ایک گاؤں میں ایک 10 سالا بچے نے دادی کی ڈانٹ پر دل برداشتہ ہو کر اپنی جان لے لی۔ اس سے قبل بچے کے گھر والے اسے سارے گاؤں ڈھونڈتے رہے مگر بچہ نہ ملا۔

مصری میڈیا کے مطابق بچے کے والدین کو خیال ہی نہیں آیا کہ اسے گھر کے کمروں میں بھی ڈھونڈ لیں وہ سب یہی سمجھتے رہے کہ بچہ دوسرے بچوں کے ساتھ کہیں باہر کھیلنے نکل گیا ہے۔

بعد میں جب باہر سے تلاش کر کے وہ آخر تھک گئے تو سب نے گھر کا رخ کیا اور گھر کے ایک بند کمرے میں دیکھا تو بچے کی نعش کو وہاں لٹکا ہوا پایا جس کو دیکھتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا۔بعد ازاں اہل خانہ نے پولیس کو بلایا جنہوں نے آتے ہی نعش کو تحویل میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔

پولیس نے تحقیق میں بتایا کہ بچہ کافی دیر سے غائب تھا گھر کے ہر فرد سے تفتیش کی گئی جس کے بعد پتا چلا کے آخری بار بچے کو دادی نے باہر کھیلتے دیکھا تھا جس کے بعد وہ کسی کو نظر نہیں آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق ن لیگی ایم پی اے کو بیٹے نے گولی مار کر قتل کر دیا

بچے کے دوستوں سے بھی تحقیقات کی گئیں جس میں انہوں نے بتایا کہ دادی کی ڈانٹ سننے کے بعد بچہ اسی وقت گھر چلا گیا تھا، جس کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی کے بچہ دوستوں کے سامنے دادی کی ڈانٹ برداشت نہیں کر سکا اور گھر کے ایک کمرے میں جا کر جو استعمال میں نہیں تھا میں خود کو پھندا لگا کر خود کشی کر لی۔