حکومت انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ماضی کے تمام طیارہ حادثات کی رپوٹ بھی عوام کے سامنے لائے گی، عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم نے طیارہ حادثے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے تمام طیاروں کے حادثات کی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں حکومت کے اہم عہدیداران کے ساتھ پی آئی اے کے چیف ایگزیگٹو ارشد ملک بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو طیارہ حادثے کی تحقیقات اور غیر جانبدار انکوائری کو یقینی بنانے کے لیے غیر ملکی اور ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کیے جانے کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

عمران خان نے حادثے کا شکار ہونے والوں کے لیے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا عید کے موقعے پر ایسا واقعہ عوم کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حادثے سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی زندگی کا کوئی نعم البدل نہیں لیکن ہم متاثرین کو یقین دلاتے ہیں اس حادثے پر انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائیگا۔

وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے حادثات کی رپورٹس کو بھی عوام کے سامنے پیش کیا جائے تا کہ تمام حقائق عوام کے سامنے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: طیارہ اس لیے حادثے کا شکار ہوا کیونکہ پائلٹ نے ہماری ہدایات کو نظر انداز کیا، ٹریفک کنٹرولر

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں ہدایت کی کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کو ہر ممکنہ سہولت اور معاوضے کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ میں ان لوگوں کو بھی پیکج دیا جائے جن کے گھروں پر طیارہ گرا۔