طیارہ حادثے کی جگہ پر مسلسل 3 روز سے مفت پانی تقسیم کرنے والا غریب لڑکا

کراچی: خالد حسین جس نے طیارہ حادثے کے بعد خدمت کی مثال قائم کردی۔ خالد پچھلے تین روز سے شدید گرمی میں متاثرین، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، میڈیا کے ارکان اور امدادی ٹیموں کو ٹھنڈا منرل واٹر مفت تقسیم کررہا ہے اور اس نیک کام میں اس کے ساتھ اس کا ایک کزن اور بہنوئی شامل ہیں۔

خالد حسین نے بتایا وہ جناح گراؤنڈ کے ایک چھوٹے سے مکان میں اپنی تین بیٹیوں اور بیوی کے ہمراہ کرائے پر رہتا ہے اور جناح گراؤنڈ میں گاڑیوں کی صفائی کا کام کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے، جس گلی میں جہاز گرا اس گلی کی گاڑیاں بھی خالد حسین صاف کرتا تھا۔

خالد حسین نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ وہ چندہ جمع کرکے سخت گرمی میں پیاسوں کو پانی پلا کر دلی سکون محسوس کرتا ہے، وہ صبح سے شام تک پانی کی سیکڑوں بوتلیں مختلف افراد میں تقسیم کرتا ہے۔

خالد حسین جہاز گرنے کا واقعہ بیان کرتے ہوئے آب دیدہ ہوگئے،انہوں نے کہا کہ اللہ نے کرم کیا کہ ہماری جانیں محفوظ رہیں لیکن جہاز کے مسافر شہید ہوگئے، تین روز سے پورا علاقہ خوف کی لپیٹ میں ہے لوگ گھروں سے نکلتے ہوئے بھی خوف محسوس کررہے ہیں خدا تمام متاثرہ مکینوں کو جلد اس صورتحال سے نکالے

یہ بھی پڑھیں: افغان حکومت نے 2 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا

ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ پانی کی بوتلیں پچھلے تین روز سے کم نہیں ہوئیں، جیسے ہی ختم ہوتی ہیں علاقے کی کوئی بھی مخیر شخصیت پانی کے کارٹن بھجوا دیتی ہے، جس کی وجہ سے الحمداللہ پینے کا پانی ختم نہیں ہوا

انہوں نے بتایا کہ وہ دن میں 10 گاڑیاں صاف کرتا تھا لیکن ابھی کئی گاڑیوں کو طیارہ حادثے میں شدید نقصان پہنچا ہے جس سے اس کی ماہانہ آمدن پر بھی فرق پڑے گا لیکن کوئی بات نہیں، پالنے والی ذات اللہ کی ہے وہ میرا رزق وسیع کردے گا