پنجاب حکومت کی جانب سے عیدالفطر کے اجتماعات کی اجازت دینے کا امکان

پنجاب کے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبے میں عید الفطر کے موقع پر نماز کے اجتماعات کیلئے ایس او پیز تیار کیے جا رہے ہیں۔

ایس او پیز تیار کرنے کے بعد اجازت کے حوالے سے حتمی اعلان کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز کے بعد پنجاب کی مساجد میں محدود نماز کی ادائیگی کی اجازت دی گئی تھی۔ اس وقت صوبے بھر کی مساجد کھلی ہیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت نماز کی ادائیگی عمل میں لائی جا رہی ہے

اب رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہے اور عید الفطر کی آمد میں چند ہی روز باقی ہیں، تو صوبائی حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ نماز عید کے اجتماعات کیلئے محدود پیمانے پر اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم ہاؤس میں چار لوگوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

توقع کی جا رہی ہے کہ اس حوالے سے پنجاب حکومت ایک دو روز کے دوران حتمی اعلان کر دے گی۔ امکان یہی ہے کہ حکومت کی جانب سے ایس او پیز جاری کر کے محدود پیمانے پر اجتماعات کی اجازت دی جائے گی۔ جبکہ پہلے ہی پنجاب حکومت عید الفطر کی آمد کے پیش نظر صوبے کی مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت دے چکی ہے۔ مارکیٹیں رواں ہفتے کے آغاز میں کھل گئی تھیں، جبکہ شاپنگ مالز پیر کے روز سے کھلیں گے۔ اس کے علاوہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی کھول دی گئی ہے۔